. وقت

جب انسان بیس بائیس سال کا ہوتا ہے تو اسے لگتا ہے کہ زندگی بہت پڑی ہے. مجھے تو کبھی چالیس پچاس کا ہونا ہی نہیں. وقت ہی وقت ہے…. اپنی آرزوؤں اور امنگوں کو جینے کا…. اپنے خواب پورے کرنے. جلدی کیا ہے… لیکن پھر معلوم نہیں کیا ہوتا ہے……… شاید اولاد کے فرائض یا آسائشوں کی لالچ… یا پھر… اپنی ہی کوئی غفلت… ایک دم احساس ہوتا ہے کہ حواس سست پڑ گئے ہیں. نظر بھی پہلے جیسی نہیں رہی. ایک دن اچانک آئینہ بدلی کیفیت دکھاتا ہے. ماہ وسال کے جبر کی نشانیاں چہروں اور بالوں میں جھلکتی دیکھ یک بیک جیسے آنکھ کھلتی ہے..اف میں تو پینتالیس سال کا ہوگیا ہوں.

پھر ہر طریقہ سے اس خبر کو اس حقیقت کو جھٹلاتا ہے. خود کو تسلی دیتا ہے کہ کچھ بھی نہیں میں تو ابھی بالکل پہلے جیسا ہوں. ابھی بھی ہمت ہے ابھی وقت ہے….. زندگی تو شروع ہی چالیس کے بعد ہوتی ہے….. لیکن…. آہستہ آہستہ یقین آنا شروع ہوجاتا ہے کہ نہیں بے رحم وقت اپنی چال چل گیا ہے. اب کچھ نہیں ہوسکتا. اب ان ڈوبتی نبضوں اور ڈھلکتے جسم اور مدھم ہوتی بینائی کے ساتھ ہی جینا ہے. یہی حقیقت ہے. درجنوں حقیقت پسندانہ تجزیے کہ یوں ہوا . اور یوں ہوا. اور ڈھیر سارے صدق دل کے اعترافات اور پچھتاوے بھی اس بیتے سمے کا مداوا نہیں. بس وہ تو گیا…بہت پچھتاتا ہے… بہت کرلاتا ہے.

کاش مجھے یہ بات کسی نے بتائی ہوتی. اور اگر بتائی بھی تھی تو خوب اچھے سے باور کروائی ہوتی. کہ وقت بیت جاتا ہے جوانی، جذبے، امنگے باکپن سب لے جاتا ہے….. تو ہم نے اس کا درست بھر پور استعمال کیا ہوتا. کاش…. باپ کے پہلو میں ماں کی آغوش میں کچھ زیادہ وقت گذار لیا ہوتا. کاش ایک بارصرف ایک بار.. ماں کو چوری اپنے ہاتھوں سے کھلائی ہوتی جیسے وہ مجھے ہرروز کھلاتی تھی. کاش باپ کے کہے بغیر کچھ لمحے اس کے پاس اس کے سینے سے لگ کر گذار لیے ہوتے. کاش اپنے حصے کے فرائض سے اسقدر غفلت نہ برتی ہوتی.

میرے بچو یہ ہر اس شخص کا تاسف ہے جو عمر عزیز کی نصف صدی گذار چکا. یاد رکھنا وقت سے بے رحم کوئی چیز نہیں. اور اس سے قیمتی بھی کچھ نہیں. بہت رفتار ہے اسکی. آپ کی سوچ سے بھی زیادہ. اس سے ہر ہر لمحے کو بھرپور گذارلو. سارے شوق سارے ارمان آج پورے کرو.ماں کی آغوش میں بیٹھا کرو. باپ کی باتیں سنا کرو. نماز کی پابندی کیاکرو….. کل کبھی نہیں آتی. جو کرنا آج کرو ابھی کرو. پھر نا کہنا کسی نے بتایا نہیں. بتایا تھا تو باور نہیں کرایا تھا..

(ابن فاضل)

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں